الہ آباد: وارانسی کے گیانواپی مسجد ۔ شرنگار گوری مندر تنازع سے وابستہ معاملہ میں اے ایس آئی کی جانب سے حلف نامہ داخل نہ کرنے پر الہ آباد ہائی کورٹ نے منگل کو سخت رخ اختیار کیا ۔ ہائی کورٹ نے حلف نامہ داخل نہ کرنے پر منسٹری آف کلچر پر دس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا اور اے ایس آئی کو جواب داخل کرنے کیلئے 31 اکتوبر تک کی آخری مہلت دی ہے ۔دراصل الہ آباد ہائی کورٹ نے گیانواپی کے احاطہ کے آثار قدیمہ کے سروے کو لے کر مرکزی سرکار کے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل سے ذاتی حلف نامہ طلب کیا تھا، لیکن تیسری مرتبہ موقع دینے کے باوجود اے ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل منگل کو بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کی جانب سے حلف نامہ بھی داخل نہیں کیا گیا ۔