گیانیش کمار امکانی نئے چیف الیکشن کمشنرتقرری روکنےکانگریس کا زور

,

   

نئی دہلی :چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار 18 فروری کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ایسے میں نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے وزیر اعظم مودی کی صدارت میں سلیکشن کمیٹی کا آج اجلاس ہوا۔راہول گاندھی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی میٹنگ میں موجود رہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے 3 رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ پہلے سی ای سی کی تقرری تجربے کی بنیاد پر ہوتی تھی۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے بعد گیانیش کمار ہی سب سے سینئر ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کے طور ان کے انتخاب کا امکان ہے جو وزیر داخلہ امیت شاہ کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ حالانکہ نئی دفعات کے تحت سلیکشن کمیٹی اکثریت یا متفقہ طور پر الیکشن کمشنر کا انتخاب کرے گی۔میٹنگ کے اختتام کے بعد کانگریس نے ایک پریس کانفرنس کی جس میںکانگریس لیڈر اجے ماکن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ 19 فروری کو سلیکشن کمیٹی سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گی کہ کمیٹی کا دستور کیسا ہونا چاہیے۔ اس کو دیکھتے ہوئے کانگریس کا ماننا ہے کہ آج کی میٹنگ کو ملتوی کیا جانا چاہیے تھا۔ اجے ماکن کے علاوہ راجیہ سبھا رکن منو سنگھوی نے کہا کہ کانگریس کا خیال ہے کہ اس سلسلہ میں ایسا فیصلہ لیا جانا چاہیے جو جمہوریت کے حق میں ہو۔ نئے قانون میں کئی خامیاں ہیں۔