گیانیش کمار نے چیف الیکشن کمشنر کا چارج سنبھال لیا

   

نئی دہلی: نئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمشنر ڈاکٹر وویک جوشی نے آج یہاں اپنے عہدہ کا چارج سنبھال لیا۔گیانیش کمار ہندوستان کے 26ویں چیف الیکشن کمشنر ہیں۔ انہوں نے راجیو کمار کی جگہ لی جن کی میعاد منگل کو ختم ہوگئی۔ گیانیش کمار کا الیکشن کمیشن ہیڈ کوارٹر میں الیکشن کمشنروں ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی نے خیرمقدم کیا۔گیانیش کمار نے اپنی نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد شہریوں بالخصوص نوجوان شہریوں کے نام مختصر پیغام میں کہا کہ انہیں ووٹ ڈالنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے ۔ انہوں نے اسے ملک کی خدمت کی طرف پہلا قدم قرار دیا۔ ووٹ ڈالنا ملک کی خدمت کی طرف پہلا قدم ہے اور اس لئے ہندوستان کے ہر شہری جو 18 سال کی عمر کو پہنچ چکا ہے اسے ووٹر بننا چاہئے اور الیکشن کمیشن ہندوستان کے آئین، عوامی نمائندگی ایکٹ، قوانین اور ان کے تحت جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہمیشہ ووٹروں کے ساتھ رہا ہے ، ہے اور رہے گا۔قبل ازیں آئی اے ایس افسر ڈاکٹر وویک جوشی نے اج الیکشن کمیشن آف انڈیا میں الیکشن کمشنر کا چارج سنبھال لیا۔ڈاکٹر جوشی ہریانہ کیڈر کے 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ انہوں نے ہریانہ حکومت کے چیف سکریٹری اور مرکز میں مختلف محکمے کے سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔
اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے رجسٹرار جنرل اور مردم شماری کمشنر آف انڈیا اور ریاست ہریانہ میں پانچویں ریاستی مالیاتی کمیشن کے ممبر سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔