گیانیش کمار کو برطرف کریں یا مودی استعفیٰ دیں: ریونت ریڈی

   

13 کروڑ نام حذف کردیئے گئے، ووٹ بچاؤ دیش بچاؤ عوامی تحریک، چیف منسٹر کا ردعمل
حیدرآباد۔9 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ عہدہ سے مستعفی ہوجائیں یا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو برطرف کریں۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ SIR کے نام پر ملک بھر میں 13 کروڑ سے زائد افراد کے ناموں کو فہرست رائے دہندگان سے حذف کرنے کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو مستعفی ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے انتباہ دیا کہ اگر بی جے پی الیکشن کمیشن کو استعمال کرتے ہوئے اقتدار میں برقرار رہنے کی کوشش کرتی ہے تو عوام بغاوت پر اتر آئیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ اور سی بی آئی مرکز میں بی جے پی کو مزید نہیں بچا پائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ گیانیش کمار کو فی الفور عہدہ سے برطرف کیا جائے ۔ اگر وزیراعظم برطرفی میں ناکام رہے تو انہیں وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کانگریس کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کی اور ایس آئی آر کے خلاف جاری احتجاجی مہم پر بات چیت کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ووٹ بچاؤ دیش بچاؤ تحریک صرف کانگریس یا انڈیا اتحاد کی مہم نہیں ہے بلکہ عام آدمی کے دستوری حقوق کے تحفظ کی تحریک ہے۔ 2014 کے انتخابات میں ملک میں 81 کروڑ رائے دہندے تھے جو 2019 میں 91 کروڑ اور 2024 میں 97 کروڑ ہوگئے ۔ ملک کی آبادی 140 کروڑ ہوچکی ہے اور الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر مہم کے ذریعہ 13 کروڑ ناموں کو حذف کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مہاتما گاندھی ، جواہر لال نہرو ، سردار پٹیل ، بھگت سنگھ اور دیگر مجاہدین آزادی نے اپنی جانوں کو خطرہ میں ڈال کر آزادی کی لڑائی لڑی۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دستور میں عوام کو رائے دہی کا حق فراہم کیا۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اور گیانیش کمار عوام سے رائے دہی کا دستوری حق چھیننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے اپوزیشن قائدین سے ملاقات سے انکار پر تنقید کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی عوام کو مذہب ، ذات پات ، علاقے اور زبان پر تقسیم کرتے ہوئے برسر اقتدار آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے ذریعہ ملک میں دلت، گریجن ، آدیواسی اور اقلیتوں کے ناموں کو حذف کیا جارہا ہے۔1/k