نئی دہلی، 24 ستمبر (یو این آئی) کانگریس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے اور ان کی فوری گرفتاری کے مطالبے کے حق میں ملک بھر میں تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔کانگریس جنرل سکریٹری-تنظیم کے سی وینوگوپال نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہول گاندھی پہلے دن سے ہی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی قیادت میں ہو رہے انتخابات میں بڑے پیمانے پر ‘ووٹ چوری’ کی کوشش کو اجاگر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دن پہلے جو انکشافات سامنے آئے ہیں، ان انکشافات کے بعد جمہوریت کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کا مبینہ وطن دشمن اقدام واضح طور پر سامنے آ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس معاملے پر سڑکوں پر اترے گی اور اس نے اپنی تمام ریاستی اکائیوں کو 25 ستمبر کو اپنی ریاست کے الیکشن کمیشن کے دفاتر تک بڑے پیمانے پر احتجاجی مارچ منقعد کرنے کو کہا ہے ۔ ان مظاہروں میں گیانیش کمار کی فوری گرفتاری، انہیں عہدے سے ہٹانے نیز ان کے دورِ اقتدار میں کیئے گئے تمام فیصلوں اور ووٹر فہرست میں کی گئی تبدیلیوں کی جامع اور آزادانہ نظر ثانی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ تحریک کے دوسرے مرحلے میں تمام ضلعی کانگریس کمیٹیاں 28 ستمبر کو اپنے اضلاع میں کلکٹریٹ تک اسی طرح کے احتجاجی مارچ نکالیں گی۔وینوگوپال نے مطالبہ کیا ہے کہ گیانیش کمار کو ہٹانے کے ساتھ ہی انہیں جیل بھیجا جانا چاہیے اور جو فیصلے انہوں نے اب تک کیئے ہیں ان کو واپس لیا جانا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک مطالبہ پورا نہیں ہوتا، کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا۔