گیسٹ لیکچررس نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے گھیراؤ کی کوشش کی

   

مطالبات کو بی جے پی رکن اسمبلی راجندر کی تائید
حیدرآباد۔/25 جولائی، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر جہاں کہیں بھی تقریر کرتے ہیں جھوٹ کو سچ کی طرح پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ چیف منسٹر کی تقریر جھوٹ اور بے بنیاد دعوؤں پر مشتمل ہوتی ہے۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر کوئی عمل نہیں کیا گیا۔ گیسٹ لیکچررس کے بارے میں چیف منسٹر نے اسمبلی میں جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل آوری کے بارے میں چیف منسٹر کو وضاحت کرنی چاہیئے۔ ایٹالہ راجندر نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کرنے والے گیسٹ لیکچررس کی گرفتاری کی مذمت کی۔ احتجاجیوں کو مشیرآباد پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ ایٹالہ راجندر نے حکومت کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے لیکچررس کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ راجندر نے کہا کہ ریاست میں 10 برسوں سے گیسٹ لیکچررس خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے اقدامات نہیں کئے گئے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کو بھی حکومت نظرانداز کررہی ہے۔ راجندر نے ملازمت کے تحفظ اور تنخواہ کے بقایا جات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔