گیس بکنگ قواعد تبدیل نہیں ہوئے ،مرکز کی وضاحت

   

سوشیل میڈیا کی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ، بھروسہ نہ کرنے عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے پس منظر میں ملک میں گیس کی قلت سے متعلق خبریں سامنے آرہی ہیں ۔ تاہم مرکزی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان میں ایل پی جی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے اور عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ حکام کے مطابق تیل کمپنیاں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس دوران سوشیل میڈیا پر گیس بکنگ کے قوانین میں تبدیلی سے متعلق بھی کئی فرضی خبریں وائرل ہورہی ہیں ۔ جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سنگل سلنڈر صارفین کے لیے بکنگ کی مدت 25 دن اور ڈبل سلنڈر والوں کے لیے 45 دن کردی گئی ہے ۔ مرکزی حکومت نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی بکنگ کے قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور موجودہ نظام ہی برقرار ہے ۔ وضاحت کے مطابق شہری علاقوں میں صارفین 25 دن جب کہ دیہی علاقوں میں 45 دن بعد ری فل بکنگ کراسکتے ہیں ۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشیل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں اور غیر ضروری یا گھبراہٹ میں گیس بکنگ سے گریز کریں ۔ مرکزی حکومت نے یقین دہائی کرائی کہ ملک میں گیس کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی ۔۔ 2