گیس دھماکہ : ہلاکتوں کی تعداد 7ہوگئی

   

ماسکو 27جولائی (یو این آئی) روس کے ساراتوو علاقے میں ایک عمارت میں گیس کے دھماکے کے بعدامدادی کارکنوں نے ملبے سے ایک اورمتاثرہ شخص کی لاش برآمد کی ہے ۔ ہفتے کے روز علاقائی سلامتی کے محکمے کے سربراہ یوری یورین نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعدا د بڑھ کر اب 7 ہوگئی ہے ۔ روسی تفتیشی کمیٹی نے بتایا کہ تفتیش کاروں نے ساتویں متاثرہ شخص کی لاش کا معائنہ کیا ہے جو اس عمارت میں رہتا تھا جہاں گیس دھماکہ ہوا تھا ۔روسی ہنگامی وزارت کے مطابق ، 16 افراد نے طبی مدد طلب کی ہے اور ایک بچے سمیت چار دیگر افرادلاپتہ ہیں ۔ جمعہ کو ایک دس منزلہ عمارت میں گیس کا دھماکہ ہوا جس سے ساتویں سے دسویں منزل تک کا حصہ تباہ ہو گیا تھا۔ مقامی حکام کے مطابق ، اب تک کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ اس دھماکے کی ابتدائی وجہ گیس کا رساو ہے ۔ علاقے میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ تفتیش کاروں نے حفاظتی تقاضوں کو پورا نہ کرنے پر فوجداری مقدمہ درج کیا ہے ۔ مقای گورنر نے 26 جولائی کو علاقے میں یوم سوگ کا اعلان کیا ۔