گیس کی قیمتیں کم کرنے ہند کی خواہش سے قطر کا عدم اتفاق

   

نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اُس کو سب سے زیادہ سیال قدرتی گیس (ایل اینڈ جی) سربراہ کرنے والے ملک قطر سے سربراہی کے طویل مدتی کنٹراکٹس میں قیمتوں میں کمی کے لئے اصرار کیا ہے لیکن اس (قطر) نے یہ کہتے ہوئے مطالبہ قبول کرنے سے انکار کردیا کہ دونوں فریقوں کے لئے اپنی ساکھ اور اعتبار برقرار رکھنے سمجھوتوں کا تقدس باقی رکھنا بھی ضروری ہے۔ ہندوستان وہ طویل مدتی سمجھوتوں کے تحت قطر سے سالانہ 8.5 ملین ٹن ایل این جی درآمد کرتا ہے اور معاہدہ کے مطابق اس کی شرحیں خام تیل کی قیمتوں سے مربوط ہیں۔ چنانچہ آسٹریلیا، امریکہ اور روس سے ملنے والی قدرتی گیس کے مقابلے قطر سے ملنے والی گیس بہت گراں ہوگئی ہے۔ وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے قطر کے ہم منصب سعد ثریدہ الکعبی سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے کہاکہ ایل اینڈ جی کی قیمتوں کو صارفین کی دسترس کے مطابق بنایا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ خام تیل سے مربوط کرنے کا مطلب یہ ہوا کہ اس کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ گیس کی قیمتوں میں بھی ازخود اضافہ ہوتا ہے۔