ٹورنٹو۔5 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی20 ٹورنمنٹ میں جارحانہ ویسٹ انڈین کے اوپنرکرس گیل پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے اور ان کے ایک اوور میں 32رنز بنا دیے۔ ایک مقابلہ قبل 122 رنز کی اننگز کھیلنے والے گیل نے اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسرے دن شاندار اننگز کھیل کر ایڈمنٹن رائلز کو فتح سے ہمکنارکرا دیا۔ وینکوور نائٹس نے ایڈمنٹن کو کامیابی کے لیے 166رنز کا نشانہ دیا جس کے تعاقب میں محمد حفیظ کی گیند پر ایڈمنٹن کی ٹیم پہلے ہی اوور میں وکٹ گنوا بیٹھی۔ تاہم اس کے بعد دوسرے اوپنر کرس گیل اور ان کے ساتھی چیڈوک والٹن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے عمدہ شراکت قائم کی۔ شاداب نے میچ کا 13واں اوورکیا جس میں گیل نے ان کی خوب خبر لیتے ہوئے 32رنز بٹورے۔گیل نے پاکستانی اسپنر کے اوورکی پہلی دوگیندوں پر چھکے لگانے کے بعد اگلی دوگیندوں پر چوکے مارے اور پھر اوورکی آخری دو گیندوں پر چھکے لگا کر میچ کو شاداب کے لیے ڈراؤنا خواب بنا دیا۔ اگلے اوور میں بین کٹنگ نے 9 چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنانے والے گیل کو آؤٹ کر کے لگاتار دوسرے میچ میں سنچری بنانے کے اعزاز سے محروم کردیا۔ تاہم گیل کی شاندار اننگز کی بدولت ایڈمنٹن نے میچ میں باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔یہ میچ شاداب کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا جہاں انہوں نے اپنے چار اوورز کے کوٹے میں 66 رنزدیے اور پھر بیٹنگ میں بھی وہ بغیرکوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔