گیل کے الزامات بے بنیاد:سرون

   

جمیکا۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور جمیکا تلاواس کے چیف کوچ رام نریش سرون نے ساتھی کھلاڑی کرس گیل کے ان پر لگائے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے بدقسمتی قرار دیا ہے۔ویسٹ انڈیز کے دھماکہ خیز اوپنرگیل نے ٹیم کے سابق ساتھی کھلاڑی سرون پر انہیں جمیکا ٹیم سے ہٹانے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں سانپ تک قرار دیا تھا اورکہا کہ وہ کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔سرون نے اپنے فیس بک پوسٹ پرکہا کہ گیل نے کچھ دنوں پہلے ویڈیو جاری کر کے مجھ پر الزام لگائے وہ بدقسمتی کی بات ہے۔ میں گیل کو کیریبین پریمیئر لیگ میں جمیکا کی ٹیم سے ہٹانے کے فیصلے میں شامل نہیں تھا۔گیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سرون نے ان کے دعوے کو فرضی قرار دیا اور کہا کہ اس کا مقصد ان کی ساکھ کو خراب کرنا ہے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے میرے اوپر غلط الزام لگائے اور میرے نام اور شہرت کو ٹھیس پہنچائی۔سرون نے کہا کہ گیل نے کئی غلط الزام لگائے اور بہت سے لوگوں کے نام اور ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ان حملوں کا نشانہ میں تھا۔میں ان الزامات کا جواب اس لئے نہیں دے رہا ہوں کہ گیل کے الزام جواب دینے کے قابل ہیں۔