گیمبیا میں کئی بچوں کی اموات پر کھانسی کی ہندوستانی دوا کی جانچ

   

جنیوا : ہندوستانی ادویات کی بیرون ملک بالخصوص افریقی براعظم میں کافی مانگ پائی جاتی ہے۔ کھانسی اور اس طرح کے طبی مسائل کی ہندوستانی ادویات کئی ملکوں کو برآمد کی جاتی ہیں۔ ہندوستانی دواؤں اور سیرپ وغیرہ سے فائدہ ہوتا آیا ہے لیکن اس مرتبہ ایک معاملہ برعکس ہوگیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے چہارشنبہ کو ہندوستان میں میڈل فارماسیوٹیکلس کی بنائی گئی کھانسی اور نزلہ زکام کی دواؤں کے بارے میں الرٹ جاری کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے انتباہ دیا ہیکہ یہ دوائیں جن میں چار سیرپ یا ٹانک شامل ہیں، افریقی ملک گیمبیا میں تقریباً 6 درجن بچوں کی موت کا سبب ہوسکتی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او ہندوستان میں کمپنی اور ریگولیٹری حکام کے ساتھ معاملہ کی مزید تحقیقات کررہا ہے۔ چار دوائیں کھانسی اور کولڈ کیلئے استعمال کئے جانے والے سیرپ ہیں جن کے نمونوں کو تجزیہ کیلئے لیباریٹری بھیجا گیا ہے۔