گیمنگ ایپ پر پابندی کیلئے عدالت میں درخواست

   

حیدرآباد 29 جنوری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائیکورٹ میں مفاد عامہ کی ایک درخواست دائر کرتے ہوئے ویڈیو گیمنگ ایپ
Battlegrounds Mobile India
پر امتناع عائد کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ اس ایپ کے موبائیل اور کمپیوٹر دونوں ہی ورژنس پر امتناع کیلئے احکام جاری کئے جائیں۔ شہر کے ایک وکیل سنیل اسٹیونسن جنگم نے یہ درخواست عدالت میں دائر کی ہے اور ان کا استدلال ہے کہ اس ویڈیو گیم کے نتیجہ میں بچوں کی ذہنی صحت اور زندگیوںپر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے ۔ اس کے علاوہ ملک کی سلامتی اور حفاظت پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ ایپ
PUBG
موبائیل ویڈیو گیم کا ہی بدل ہے جس پر حکومت نے ستمبر 2020 میں پابندی عائد کردی تھی ۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ہدایت جاری کی جائے کہ اس ایپ پر پابندی عائد کردی جائے ۔ درخواست میںمرکز و ریاستی حکومت کے علاوہ PUBG انڈیا ( بنگلورو ) اور ایک کوریائی کمپنی کو جوابدہ بنایا ہے ۔