گیند لگنے سے کھلاڑی کی موت

   

ممبئی ۔ ممبئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کرکٹ میچ کے دوران فیلڈنگ پر کھڑے 52 سالہ کرکٹر سر پر قریبی پچ پر کھیلے جانے والے دوسرے میچ کی گیند لگنے سے چل بسا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مقامی سطح پر دو ٹی20 میچز کھیلے جارہے تھے، یہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ صرف 50 یا اس سے زائد عمر کے لوگوں کے درمیان تھا۔ محدود جگہ اور وقت کی کمی کی وجہ سے حکام کو ایک ہی مقام پر بیک وقت دو کرکٹ میچز کھیلانے پڑے، دونوں میچز مختلف وکٹوں پر کھیلے جارہے تھے لیکن ایک دوسرے سے قریب تھے۔ اس دوران ایک میچ میں بلے باز نے شاٹ مارا تو گیند دوسری پچ پر چلی گئی، جو فیلڈنگ کرنے والے 52 سالہ کھلاڑی جیش سوال کے سر پر لگی جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ گیند مخالف سمت سے آنے کی وجہ سے کھلاڑی کا دھیان نہیں گیا، کان کے پیچھے گیند لگنے سے وہ نیچے گرگئے اور پھر انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔ اگرچہ یہ پہلا موقع نہیں جب کوئی کھلاڑی کسی دوسرے میچ سے گیند لگنے سے زخمی ہوا ہو، البتہ یہ پہلا افسوسناک واقعہ ہے جہاں اس طرح کی چوٹ کے نتیجے میں کسی شخص کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی رپورٹ درج کردی ہے جہاں پولیس نے واقعے کو حادثہ قراردیا۔