نئی دہلی۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے بنائے گئے نئے قواعد پر ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے کہا ہے کہ گیند کو چمکانے اور اس کی چمک برقرار رکھنے کے لئے دوسرے اختیارات کی ضرورت ہے ۔آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے گیند کو چمکانے کے لئے تھوک پر روک لگانے کی سفارش کی ہے جس کے بعد دنیا بھر کے فاسٹ بولروں نے اس سفارش پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے اور زیادہ تر کا خیال ہے کہ اس سے بولروںکے ہاتھوں سے سوئنگ اور ریورس سوئنگ جیسا ہتھیار نکل جائے گا۔بمراہ نے آئی سی سی کے انسائیڈ آؤٹ انٹرویو میں کہاکہ ایک ہی چیز جو مجھے متاثر کرتی ہے وہ تھوک ہے ۔ مجھے نہیں پتہ جب ہم واپس میدان پر جائیں گے تو کون کون سی ہدایات کا ہمیں عمل کرنا ہوگا لیکن میرا خیال ہے کہ تھوک کے علاوہ کوئی دوسرا طریقہ ہونا چاہئے ۔ اگر گیند صحیح نہیں چمکے گی تو بولروں کے لئے بہت پریشانی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ میدان اور چھوٹے ہوتے جا رہے ہیں اور پچ فلیٹ ہوتی جا رہی ہے اس لئے ہمیں کچھ تو چاہئے ۔بولروں کے لئے کوئی اختیار تو ہونا چاہئے جس سے وہ گیند کی چمک کو برقرار رکھ سکیں جس سے گیند ریورس یا روایتی سوئنگ تو ہو سکے ۔ ٹسٹ مقابلوں میں حالات بولروں کے موافق ہوتے ہیں لہذا یہ میرا پسندیدہ کھیل ہے لیکن ونڈے کرکٹ میں دو نئی گیند ملتی ہیں لہذا آخری اوورز میں گیند ریورس سوئنگ ہوتی ہی نہیں ہے ۔