ٹی آر ایس کا پول کھل جائیگا، کئی قائدین بے نقاب ہوں گے
حیدرآباد۔2 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کی قائد اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے گینگسٹر نعیم کیس کی تحقیقات مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے کئے جانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کی تحقیقات میں کئی حقائق منظر عام پر آئیں گے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ریاستی حکومت تحقیقات میں حقائق کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے اگر مرکزی اداروں سے تحقیقات کرائی جائیں تو ٹی آر ایس کی حقیقت بے نقاب ہوجائے گی۔ سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ نعیم کیس کی تحقیقات میں کے سی آر حکومت کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ گینگسٹر نعیم کی ڈائری میں کئی ناموں کے انکشاف سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کی سیاست میں پھر ایک بار ہلچل دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے لیے حقائق کو چھپانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے ڈائری میں موجود افراد کے ناموں اور ان سے متعلق تفصیلات کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اخبارات میں یہ تفصیلات شائع ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نعیم سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور قائدین کے ناموں کے انکشاف میں اپنی پارٹی کے قائدین کے ناموں کو ظاہر نہیں کیا۔ ٹی آر ایس کے کئی اہم قائدین کے گینگسٹر سے تعلقات ہیں لیکن صرف چند معمولی ناموں کو عوام میں پیش کیا گیا۔ وجئے شانتی نے کہا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں سے تحقیقات کی صورت میں کئی حقائق منظر عام پر آسکتے ہیں جن کی تلنگانہ حکومت پردہ پوشی کررہی ہے۔