گینگسٹر نعیم کی دولت اور اثاثہ جات کی تحقیقات کی جائیں، ریونت ریڈی سے وی ہنمنت راؤ کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فون ٹیاپنگ اسکام کی گونج ہے جس میں پولیس کے کئی اعلیٰ عہدیداروں کو ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اسی دوران کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ نے گینگسٹر نعیم کی دولت اور اثاثہ جات کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے ٹی آر فون ٹیاپنگ سے لا تعلقی کا اظہار کر رہے ہیں لیکن انہیں جواب دینا ہوگا کہ گینگسٹر نعیم کی دولت اور اثاثہ جات کا کیا ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ نعیم کے قبضہ سے برآمد کئے گئے کروڑہا روپئے ، سونا چاندی اور دیگر قیمتی سامان کے بارے میں آج تک یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ آخر کس کے قبضہ میں ہے۔ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے بعض عہدیداروں کو معطل کیا گیا تھا لیکن بعد میں بحال کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق پولیس عہدیدار شیوانند ریڈی نے 2500 کروڑ مالیتی سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ کیا لیکن آج تک انہیں گرفتار نہیں کیا گیا ۔ شیوانند ریڈی نے گینگسٹر نعیم کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا تھا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ گینگسٹر نعیم کی دولت اور دیگر اثاثہ جات کس کے قبضہ میں ہے اور دس سال تک بی آر ایس حکومت نے وضاحت کیوں نہیں کی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اس معاملہ کی تفصیلی جانچ کا حکم دیتے ہوئے سرکاری اراضی پر غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے چاہئے ۔ 1