حیدرآباد ۔ 13جنوری ( سیاست نیوز) بدنام زمانہ گینکسٹر بھونگیر نعیم کے بھانجے کی بیوی ضلع نلگنڈہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئی ۔ یہ واقعہ اتوار کی شب پیش آیا ۔ پولیس کے بموجب 35سالہ شاہدہ ساجدہ جو گینگسٹر بھونگیر نعیم کے بھانجے فہیم کی بیوی تھی ، ضلع نلگنڈہ کے کیشو راجو پلی میں اپنی کار سے ایک لاری کو ٹکر دینے کے بعد حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک شاہدہ ساجدہ نعیم کی بہن سلیمہ بیگم کی بہو تھی ۔ نلگنڈہ ٹوٹاؤن پولیس سب انسپکٹر نرسمہلو نے بتایا کہ ساجدہ حیدرآباد سے ضلع نلگنڈہ پہنچی تھی اور اپنے رشتہ داروں کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے تنہا مریال گوڑہ کیلئے روانہ ہوئی تھی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ساجدہ تیز رفتاری سے کار چلارہی تھی جس کے نتیجہ میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گودام کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اس حادثہ میں مذکورہ خاتون برسرموقع ہلاک ہوگئی اور مقامی عوام نے اُسے پولیس کی مدد سے سرکاری دواخانہ منتقل کیا ۔