حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گینگسٹر نعیم کی ڈائری منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا تاکہ نعیم کے ساتھ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کا پتہ چلایا جاسکے۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے گینگسٹر نعیم کیس کی تحقیقات میں سُست روی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ پولیس جان بوجھ کر حقائق کو تلف کررہی ہے تاکہ برسر اقتدار ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے بااثر سیاستدانوں کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم کی موت کے پانچ سال گذرنے کے باوجود تحقیقات مکمل نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے تحقیقات کیلئے قائم کردہ اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی ) کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ رپورٹ میں نعیم کی دولت، جائیدادوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی کے وزراء اور ارکان اسمبلی کو نعیم سے فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے بدعنوان سیاستدانوں کے تحفظ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بیشتر قائدین کے گینگسٹر نعیم سے روابط تھے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم کی ڈائری منظر عام پر لانے سے حقائق بے نقاب ہوں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن چیف منسٹر نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔