گینگسٹر نعیم کی ڈائری کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ

   

فورم فار گوڈ گورننس کی جانب سے گورنر تلنگانہ کو مکتوب روانہ

حیدرآباد۔ فورم فار گوڈ گورننس نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی ہے کہ گینگسٹر نعیم کی ڈائری کو منظر عام پرلایا جائے تاکہ مقتول نعیم کے معاملات کن لوگوں کے ساتھ تھے اس بات کا انکشاف ہوسکے۔ سیکریٹری فورم فار گوڈ گورننس ایم پدمنابھاریڈی نے گورنر تلنگانہ کو روانہ کئے گئے مکتوب میں بتایا کہ نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد حاصل ہونے والی ڈائری اور سیل فونس کے ریکارڈ کو منظر عام پر کئے جانے کی توقع کی جا رہی تھی اور کہا جا رہاتھا کہ اگر یہ ڈائری اور سیل فونس میں شامل عہدیداروں کے علاوہ سیاسی قائدین کے نام منظر عام پر آتے ہیں تو نعیم کے ساتھ کام کرنے والوں کا انکشاف ہوگا۔ نعیم کے انکاؤنٹر کی تفصیلات اور اس کے بعد ہونے والی تحقیقات کے متعلق مکتوب میں فورم فار گوڈ گورننس نے بتایا کہ انکاؤنٹر کے بعد تشکیل دی جانے والی ایس آئی ٹی کی جانب سے 130 ڈائری اور 602 سیل فون حاصل ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد سے اب تک ایس آئی ٹی کی جانب سے 250مقدمات درج کئے جاچکے ہیں لیکن ان میں ایک بھی مقدمہ میں نعیم کی ڈائری اور سیل فون کو شواہد کے طور پر استعمال نہیں کیا گیا اور نہ ہی ڈائری کو منظر عام پر لانے کے اقداما ت کئے گئے جبکہ ہر کوئی اس بات سے واقف ہے کہ گینگسٹر نعیم کے تعلقات کئی اعلیٰ عہدیدارو ںکے علاوہ سرکردہ سیاسی قائدین کے ساتھ تھے اور توقع کی جا رہی تھی کہ انکاؤنٹر کے بعد یہ نام منظر عام پر لائے جائیں گے لیکن ایسا نہیں کیا گیا جو کہ سیاسی قائدین اور اعلیٰ عہدیداروں کے ناموں کے منظر عام پر آنے سے روکنے کے مترادف ہے۔ گورنر کو روانہ کردہ مکتوب میں ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کی ہدایات جاری کریں کہ نعیم کی ڈائری اور سیل فون کے ریکارڈ س کو منظر عام پر لایا جائے۔ ایس آئی ٹی نے انکاؤنٹر کے بعد حاصل ہونے والے ان ریکارڈ س کو بطور شواہد استعمال کرتے ہوئے مزید گرفتاریوں اور کاروائیوں کے بجائے ڈائری اور سیل فون عدالت میں جمع کرواچکی ہے۔ فورم فار گوڈ گورننس کے ذمہ داروں نے بتایا کہ کسی بھی حکومت کو شفافیت کی برقراری کیلئے لازمی ہے کہ وہ مجرموں کے ریکارڈ کو چھپانے کے بجائے اسے آشکار کرے کیونکہ مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل عہدیدارو ںاور سیاسی قائدین کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق گورنر سے نمائندگی کے بعد فورم فار گوڈ گورننس کی جانب سے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے نعیم کی ڈائری اور سیل فون کے ریکارڈ س کو منظر عام پر لانے کے اقدامات کے لئے درخواست داخل کرنے پر بھی غور کیا جا رہاہے۔