گینگسٹر نعیم کے مکان سے عصری ہتھیار ضبط ہوئے تھے

   


نقد رقم و اراضی دستاویزات کی ضبطی کا بھی انکشاف ’ آر ٹی آئی معلومات
حیدرآباد: گینگسٹر مہلوک بھونگیر نعیم کے قبضہ سے پولیس نے عصری اور مہلک ہتھیار ضبط کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ آر ٹی آئی کے تحت داخل درخواست کے جواب میں ایس آئی ٹی سربراہ وائی ناگی ریڈی نے بتایا کہ مہلوک گینگسٹر کے انکاونٹر کے بعد مکان میں تلاشی کے بعد تین اے کے 47 رائفلیں ، 9 پستول ، 3 ریوالور ، 7 طفنچے، ایک ڈبل بیارل گن ، اسٹین گن ، ہینڈ گرینیڈ برآمد کئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ ہتھیاروں کے علاوہ دھماکو اشیاء 10 جلیٹن اسٹکس ، 5 کیلو امیونی نائٹریٹ ، ڈیٹونیٹرس ، 616 کارتوس اور ایک بلٹ پروف جیکٹ ضبط کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ایس آئی ٹی نے بتایا کہ ہتھیار اور دھماکو اشیاء کے علاوہ دو کروڑ نقد رقم ، دو کیلو سونا ، بھاری مقدار میں چاندی ، 21 کاریں ، 26 موٹر سیکلیں ، 602 موبائیل فونس برآمد کئے تھے ۔ اسکے علاوہ 752 اراضیات کے دستاویزات جن کی مالیت کروڑہا روپئے ہے اور 130 ڈائریز برآمد کئے گئے ۔ فورم فار گڈ گورننس سکریٹری پدمانابھا ریڈی نے گینگسٹر نعیم سے متعلق اہم معلومات کے بعد گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے کیونکہ حکومت نے اس معاملہ کو رفع دفع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ بھونگیر نعیم کو پولیس کی ایک ٹیم نے 8 اگست 2016 ء میں ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا اور بعد ازاں اس کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے ہتھیار اور اہم دستاویزات ضبط کرلئے تھے۔