نئی دہلی : گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 366161 نئے کیس درج ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے 3754 مریضوں کی موت ہوگئی ۔ البتہ اس دوران 353818 افراد صحتمند بھی ہوئے ہیں۔ملک میں اب تک 17 کروڑ 1 لاکھ 76 ہزار 603 افراد کو کورونا ویکسین کے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسوں کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 کروڑ 26 لاکھ 62 ہزار 575 ہوگئی۔ وہیں اس وبا سے شفایاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 18671222 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کورونا کے فعال معاملوں کی تعداد 3745237 ہے ۔ اسی دوران 3754 مریضوں کی اموات کے ساتھ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر2 لاکھ 46 ہزار 116 ہوگئی ہے ۔ملک میں صحتیابی کی شرح بڑھ کر 82.39 فیصد ہوگئی ہے اور فعال معاملات کی شرح کم ہوکر 16.53 فیصد ہوگئی ہے جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.09 فیصد ہے ۔مہاراشٹر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران فعال معاملات میں 12357 کی کمی آنے سے یہ گھٹ کر 618070 ہوگئے ہیں۔