’ہاؤس فل 5‘ کمزور کہانی سے شائقین مایوس

   

ممبئی، 6 جون (آئی اے این ایس): بالی ووڈ کی مقبول کامیڈی سیریزکی تازہ فلم’ہاؤس فل 5‘ ریلیز ہوگئی، تاہم فلم کو عوامی سطح پر ملی جلی آراء کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگرچہ اکشے کمار کی مزاحیہ اداکاری اورکچھ تفریحی مناظر کو سراہا گیا، لیکن بیشتر ناظرین نے فلم کی کمزور کہانی اور سطحی اسکرین پلے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا۔ کئی ناظرین نے واضح طور پرکہا کہ فلم کا پلاٹ غیر منظم اور غیر متاثرکن تھا۔ ایک مداح نے کہا میں نے پہلے کی ہاؤس فل فلمیں دیکھی ہیں، مگر یہ فلمکچھ خاص نہیں لگی۔ فلم کی بہت زیادہ تشہیرکی گئی، لیکن کہانی اور اسکرین پلے نے مایوس کیا۔ ناظرین کی بڑی تعداد کا ماننا ہے کہ فلم اپنی جڑوں سے ہٹ گئی ہے۔ پہلی فلموں میں کامیڈی کے ساتھ کچھ ہارر یا فینٹسی جھلکیاں بھی ہوتی تھیں، جو مزاح میں نیا پن لاتی تھیں۔ اس بار ایک قتل کی گتھی پر توجہ دی گئی ہے، جس نے مزاح کو کمزورکردیا۔ اداکاری کے محاذ پر بھی فلم تنقید سے نہ بچ سکی۔ ایک مداح کے مطابق، ’’جانی لیور، نانا پاٹیکر، سنجے دت اور جیکی شراف کو چھوڑکر باقی اداکاروں نے حد سے زیادہ اداکاری کرنے کی کوشش کی۔ اکشے کمار، رتیش دیشمکھ، فردین خان اور خواتین اداکاراؤں جیسے نرگس فخری، سونم باجوا اور جیکولین فرنانڈیز نے کرداروں میں کوئی خاص گہرائی نہیں دکھائی۔اگرچہ کچھ ناظرین نے فلم کو ایک ’ٹرو بالی وڈ مسالا‘ قراردیا اور اکشے کمار کی کامیڈی میں واپسی کو سراہا، مگر عمومی تاثر یہی رہا کہ فلم اپنی ماضی کی قسطوں کی طرح ناظرین کو قائل کرنے میں ناکام رہی۔ ایک مایوس تماشائی نے کہا، یہ فلم صرف ہنگامہ خیز کرداروں اور رنگین مناظر تک محدود رہی۔ دل کو چھونے والی کہانی یا یادگار مکالمے کہیں نظر نہیں آئے۔