واشنگٹن ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج یہ اشارہ دیا ہیکہ ہوسٹن میں 22 ستمبر کو ’’ہاؤڈی ۔ مودی‘‘ نامی ایونٹ میں شرکت کرتے ہوئے موصوف کوئی اہم اعلان بھی کریں گے۔ ایونٹ میں وزیراعظم ہند نریندر مودی 50,000 ہندوستانی شہریوں سے خطاب کریں گے جو امریکہ کے مختلف شہروں میں آباد ہیں۔ اس موقع پر ٹرمپ بھی اپنے دوست مودی کے ساتھ شہ نشین پر موجود ہوں گے۔ وائیٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بھی یہ توثیق کی گئی ہیکہ ٹرمپ مودی کے ساتھ خصوصی شرکت کریں گے جو دراصل ہند۔ امریکہ کے تعلقات کو مزید استحکام بخشے گا۔ کسی شہ نشین پر دونوں قائدین ایک ساتھ پہلی بار جلوہ گر ہوں گے جبکہ گذشتہ تین ماہ کے دوران دونوں قائدین کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہوگی۔ پہلی ملاقات جاپان میں G-20 چوٹی اجلاس کے موقع پر جون میں ہوئی تھی جبکہ دوسری ملاقات فرانس میں G-7 چوٹی کانفرنس کے موقع پر گذشتہ ماہ ہوئی تھی۔ ایرفورس ون پر ان کے ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممکن ہیکہ وہ کوئی اہم اعلان بھی کریں گے۔ قبل ازیں صحافیوں نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا وہ ہاؤڈی مودی میں شرکت کے دوران کوئی اہم اعلان بھی کریں گے؟ ایئرفورس ون کے ذریعہ ٹرمپ کیلیفورنیا سے واشنگٹن کا سفر کررہے تھے۔
