سیول : شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس کی طرف سے گزشتہ روز تجرباتی طور پر فائر کیا گیا میزائل ایک ہائپرسونک میزائل تھا اور یہ تجربہ کامیاب رہا۔ مغربی دفاعی ماہرین کے مطابق یہ کمیونسٹ کوریا کی طرف سے آج تک کیا جانے والا کسی مبینہ ہائپرسونک گائیڈڈ میزائل کا دوسرا تجربہ تھا۔ پیونگ یانگ نے ایسا پہلا ٹیسٹ فائر گزشتہ برس ستمبر میں کیا تھا۔ شمالی کوریائی نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق یہ میزائل سات سو کلومیٹر کے فاصلے پر ٹھیک اپنے نشانے پر جا کر لگا۔ شمالی کوریا کو بین الاقوامی پابندیوں کے باعث ایسے میزائلوں کے تجربات کی اجازت نہیں۔