ہائیڈرالک وہیل چیر تیار کرنے والی غریب مسلم لڑکی کیلئے ڈبل بیڈروم مکان

   

حیدرآباد۔ اسکول کے انوویشن چیلنج میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ہائیڈرالک وہیل چیر تیار کرنے والی ایک غریب مسلم لڑکی کو تلنگانہ حکومت کی باوقار ڈبل بیڈروم مکان کی اسکیم سے ایک مکان منظور کیا گیا۔ نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والی لڑکی بشیرہ جو سرکاری گرلز ہائی اسکول آرپی روڈ نلگنڈہ میں تعلیم حاصل کرتی ہے کا یہ پروجیکٹ محکمہ تعلیم اور محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے مشترکہ طورپر منعقدہ اسکول انوویشن چیلنج کے گرانڈ فائنل میں نامزد کیاگیا۔اپنے فالج زدہ والد کی مشکلات کو قریب سے دیکھنے والی اس لڑکی نے معذورین کیلئے روزانہ کے کام کے لئے استعمال ہونے والی ہائیڈرالک وہیل چیر کو تیاری کی۔ حیدرآباد انوویٹیو چیلنج میں اس وہیل چیر کے پروجیکٹ کو نمائش کے لئے رکھاگیاتھا۔اس نمائش میں ریاست کے وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے شرکت کی۔ اس موقع پر بشیرہ نے وزیرکو اپنی اس نئی ایجاد کی تفصیلات سے واقف کروایا۔جب وزیرنے لڑکی کے خاندان کے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا کہ اس کا تعلق غریب خاندان سے ہے ۔ اس کے والد فالج کا شکار ہیں اوراس کی ماں ہی خاندان کے ذریعہ معاش کا واحد ذریعہ ہے ۔اس کی بہن اور بھائی ذریعہ معاش میں ماں کا ساتھ دیتے ہیں۔غریب بشیرہ کی مشکلات کو سنتے ہوئے وزیر نے فوری طورپر ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل کو ہدایت دی کہ وہ بشیرہ کے خاندان کے لئے ڈبل بیڈر وم مکان فراہم کریں جو فی الحال کرائے کے مکان میں مقیم ہے ۔ وزیر نے اس کی صلاحیت کی ستائش بھی کی۔ وزیر نے کہاکہ صلاحیت رکھنے والوں کی حکومت ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی ہے۔بعد ازاں اس لڑکی نے اپنی ماں اور اسکول کی صدرمعلمہ کے ساتھ کلکٹر سے ملاقات کی اور اس پروجیکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔تبادلہ خیال کے دوران کلکٹر نے بشیرہ اور اس کی والدہ کو بتایا کہ وہ ٹاون کے گولاگوڑم میں ان کے لئے ڈبل بیڈروم مکان الاٹ کریں گے ۔انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ اس کی بہن سمیرہ جو فی الحال نلگنڈہ کے پولیس لائنس اسکول کی پانچویں جماعت میں زیرتعلیم ہے کا داخلہ آئندہ تعلیمی سال مقامی کیندریہ ودیالیہ میں کروایا جائے گا۔