ہائیکورٹس میں 30سال سے 71,000مقدمات معرض التواء

   

نئی دہلی : لوک سبھاکو آج بتایا گیا کہ مختلف ہائیکورٹس میں زائد از 30سال سے 71,000سے زیادہ کیس تصفیہ طلب ہے ۔ ایوان کو بتایا گیا کہ تحت کی عدالتوں میں 1.01لاکھ مقدمات سے زیادہ ایسے ہیں جن کے تصفیہ کیلئے 30سال سے انتظار ہے ۔وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ رواں سال 24جولائی تک ہائیکورٹس میں 30سال سے مجموعی طور پر 71,204 مقدمات معرض التواء پائے گئے ۔اسی طرح 1,01,837 مقدمات ضلع اور تحت کی عدالتو ں میں تین دہوں سے تصفیہ طلب ہے ۔ 20جولائی کو وزیر قانون نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا کو بتایا تھا کہ ملک کی مختلف عدالتو ں میں تصفیہ طلب مقدمات کی تعداد پانچ کروڑ کے نشان کو پار کرچکی ہے ۔میگھوال نے کہا تھا کہ مختلف عدالتوں جیسے سپریم کورٹ ، 25 ہائیکورٹس اور زیریں عدالتوں میں زائد از 5.02 کروڑ کیس تصفیہ طلب ہیں ۔