’’ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات بھی قابل قبول نہیں ‘‘

   

Ferty9 Clinic

کلکٹرسدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی کا متنازعہ بیان
دھان کے بیج فروخت کرنے پر ڈیلرس کو وارننگ ، عہدیداروں کو معطلی کی دھمکی

حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)حکومت ایک طرف زرعی شعبہ کی ترقی کے ذریعہ کسانوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تو دوسری طرف کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی نے دھان کی پیداوار کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ایک متنازعہ بیان دیا جس کے بعد اپوزیشن نے حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے ریاست میں کسانوں کو دھان کے بجائے دیگر فصلوں کی کاشت کی ترغیب دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ دھان کے معاملہ میں تلنگانہ مقررہ نشانہ سے آگے نکل چکا ہے۔ حکومت نے ضلع کلکٹرس کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ کسانوں کو دھان کے بجائے دیگر پیداوار کی ترغیب دیں اور بیج سربراہ کرنے والے ڈیلرس کو دھان کے بیج فروخت نہ کرنے کی ہدایت دیں۔ کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی نے ڈیلرس کا اجلاس منعقد کیا جس میں انہیں انتباہ دیا کہ اگر کسی ڈیلر نے دھان کے بیج فروخت کئے تو اس کی دکان مہر بند کردی جائے گی اور اس معاملہ میں وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات کی پرواہ نہیں کریں گے۔ وینکٹ رام ریڈی کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوگیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ سے بھی احکامات لائیں جائیں تو وہ کاروبار کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کی سفارش بھی قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی کے فون ریسیو کریں گے۔ انہوںنے ڈیلرس کو وارننگ دی کہ ضلع میں تقریباً 350 دکانات ہیں کسی بھی دکان میں ایک کیلو دھان کا بیج بھی فروخت کرنے کی اطلاع ملے تو اسے مہر بند کردیا جائے گا۔ اگریکلچرل آفیسرس کو انتباہ دیا کہ اگر ان کے حدود میں دھان کے بیج فروخت ہوتے ہیں تو انہیںمعطل کردیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کلکٹر کے اس بیان پر عوامی نمائندوں کی جانب سے حکومت کو شکایت کی گئی ہے اور چیف سکریٹری کی سطح پر اس بیان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ر