ہائیکورٹ جج کی برہمی ۔ ممتابنرجی پر جرمانہ

   

نندی گرام الیکشن کیس سے دستبرداری سے قبل جج کوشک چندا کا اقدام
نئی دہلی: کولکاتاہائیکورٹ کے جج کوشک چندا نے ممتا بنرجی کو آج جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ جج کی شبیہہ کو بدنام کرنا سوچی سمجھی چال ہے۔جسٹس کوشک چندا نے نندی گرام اسمبلی حلقہ میں شویندو ادھیکاری کی جیت کو چیلنج کرنے والی ممتا بنرجی کی درخواست پرسماعت سے خود کو الگ کرلیا ۔ ممتا بنرجی نے جسٹس کوشک چندا کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ وہ ہائیکورٹ کا جج مقرر ہونے سے پہلے بی جے پی سے وابستہ تھے۔جسٹس کوشک نے یہ بھی کہا کہ اس کیس کی سماعت سے پہلے ہی میرے فیصلے کو متاثر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کولکاتاہائیکورٹ کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی عرضی پرکسی اور جج کے ذریعہ سماعت کی جائے۔ممتا بنرجی نے نندی گرام سیٹ سے اپنے سابق بااعتماد لیڈر اور بی جے پی امیدوار ادھیکاری کی جیت کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ ممتابنرجی نے یہ بھی کہاکہ اپریل میں انہوں نے ہائیکورٹ کے مستقل جج کی حیثیت سے جسٹس کوشک کی تصدیق پر بھی اعتراض کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ انصاف نہ صرف ہونا چاہئے بلکہ ہوتے ہوئے دکھائی بھی دیناچاہئے۔نیز انہوں نے عدلیہ پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے پر زور دیا تھا۔