حیدرآباد /11 جولائی، ( سیاست نیوز) ہائی کورٹ عملے کے ساتھ مبینہ مار پیٹ اور دھمکانے کے الزام میں چارمینار پولیس نے ایک خاتون وکیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ کے سوجنا رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ نے چارمینار پولیس سے تحریری شکایت درج کروائی جس میں الزام عائد کیا کہ 5 جولائی کو خاتون وکیل یونیس نے ہائی کورٹ میں کیس کے سلسلہ میں عبوری درخواست داخل کی تھی جس پر درکار اسٹامپس نہ رہنے پر اسسٹنٹ سیکشن آفیسر ڈی راجیش نے اعتراض کیا اور اسے درست کرنے کہا۔ اس پر خاتون وکیل نے اے ایس او سے مبینہ گالی گلوج شروع کردی اور پولیس کنٹرول روم ڈائیل 100 پر شکایت کردی اور کچھ ہی دیر میں چارمینار پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی۔ اسی دوران خاتون وکیل نے اے ایس او راجیش کی فون کے ذریعہ ویڈیو گرافی کی اور بدتمیزی کرنے لگی جس پر سیکشن کی ٹائپسٹ اسماء نے اعتراض کیا اور خاتون وکیل نے ٹائپسٹ اور اس کی ایک ساتھی شوبھا کو بھی گالی گلوج کرکے انہیں زد و کوب کیا ۔ ہائی کورٹ اسٹاف کو ڈیوٹی سے روکنے ، زدوکوب اور دھمکانے کے الزام میں پولیس نے خاتون وکیل کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ب