حیدرآباد ۔ /27 مارچ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ ہائیکورٹ میں معمول کا عدالتی اور انتظامی کام 14 اپریل تک معطل ہی رہے گا اور ہر ہفتے پیر ‘ چہارشنبہ اور جمعہ کو انتہائی ہنگامی نوعیت کے معاملات کی سماعت کی جائے گی ۔ یہ سماعت بھی ویڈیو کانفرنس یا اسکائپ کے ذریعہ کی جائیگی ۔ عدالت کی جانب سے آج ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی گئی ۔ ایڈوکیٹ اور درخواست گذاروں کو اپنے ہنگامی نوعیت کے امور کو ای میل کے ذریعہ رجسٹرار جنرل کو مختصر وجوہات کے ساتھ روانہ کرنا چاہئے ۔ رجسٹرار جنرل اس کی تنقیح کے بعد اسے چیف جسٹس کے ملاحظہ کیلئے پیش کرینگے ۔ چیف جسٹس اس پر فیصلہ کرینگے کہ آیا واقعی اس پر ایمرجنسی سماعت ہونی چاہئے یا نہیں۔ اس کے بعد ہی وہ رجسٹری کو مختلف بنچوں سے یہ معاملات رجوع کرنے کی ہدایت دینگے ۔ اسے عدالت کی ویب سائیٹ پر بھی پیش کیا جائیگا اور وکلا یا درخواست گذاروں کو بھی ایس ایم ایس کے ذریعہ اس کی اطلاع دی جائیگی ۔ وکلا اور درخواست گذاروں کو سماعت میں ویڈیو کانفرنس یا اسکائپ کے ذریعہ حصہ لینا ہوگا۔
