ہائیکورٹ میں 9 اگسٹ سے مقدمات کی فزیکل سماعت

   

ایک ماہ تک تجرباتی اساس پر اقدامات ۔ ورچول سماعت کا سلسلہ بھی جا ری رہے گا
حیدرآباد۔ 31 جولائی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائیکورٹ نے تمام مقدمات کی آن لائین ( ورچول ) سماعت کے موجودہ طریقہ کار کو 8 اگسٹ تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے بعد ڈویژن اور سنگل بنچس پر تجرباتی اساس پر 9 اگسٹ تا 9 ستمبر فزیکل اور ورچول دونوں طریقوں سے مقدمات کی سماعت کی جائے گی ۔ ایسے میں تمام متعلقہ گوشوں کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ فزیکل سماعت کے دوران عدالت آنے والوں کو کورونا 19 کے رہنما خطوط پر عمل کرنا ہوگا ۔ انہیں ماسک پہننا ہوگا ۔ سینیٹائزر استعمال کرنا ہوگا اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہوگا ۔ عدالت کے احاطے میں صرف ان وکلا اور افراد کو داخلہ کی اجازت دی جائے گی جن کے کیس فہرست میں شامل ہوں۔ انہیں اپنے موبائیل یا کسی اور طریقے سے مقدمہ کی تاریخ بتانی ہوگی ۔ جو لوگ ٹیکہ لے چکے ہیں انہیں عدالت کے احاطہ میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی تاہم اس کیلئے ٹیکہ لینے کا سرٹیفیکٹ پیشکرنا ہوگا ۔ بصورت دیگر عدالت کی جانب سے مقدمات کی فزیکل سماعت کے طریقہ کار سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی ۔ جن کی ٹیکہ اندازی میڈیکل وجوہات کی بناء پر کی گئی ہے انہیں کچھ نرمی دی جائے گی جیسا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ہدایات ہیں۔ مقدمات کی ورچول سماعت کے دوران بھی وکلا اور فریقین کو اس بات کی اجازت رہے گی کہ وہ قبل از وقت رجسٹری سے رابطہ کرتے ہوئے مقدمات کی ورچول سماعت کرواسکتے ہیں۔ فزیکل اور ورچول سماعت کے دوران دوسری جو ہدایات ہیں ان پر بھی ہائیکورٹ میں عمل کرنا ہوگا ۔ ان ہدایات پر آئندہ احکام تک عمل آوری ہوگی ۔ ہائیکورٹ نے عادل آباد اور نظام آباد اضلاع میں 8 اگسٹ تک مقدمات کی ورچول سماعت ہی جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ 9 اگسٹ سے 9 ستمبر تک عدالتوں میں پہلے مرحلہ کے متبدلہ طریقہ کے مطابق کام انجام دیا جائیگا ۔ علاوہ ازیں یہی طریقہ کار سٹی سیول کورٹ ‘ میٹرو پولیٹن سشنس کورٹس ‘ سی بی آئی کورٹس وغیرہ میں بھی اختیار کیا جائیگا ۔فزیکل سماعت میں کورونا پابندیوں کی مکمل تحدیدات کی واضح ہدایات دیدی گئی ہیں۔