سابق رکن اسمبلی سی ایچ رمیش نے عدالت میں ڈی ڈی جمع کیا
شہریت مقدمہ میں طویل قانونی لڑائی کے بعد ہائیکورٹ نے جرمانہ عائد کیا
حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) ویملواڑہ کے سابق رکن اسمبلی سی ایچ رمیش نے تلنگانہ ہائیکورٹ کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے رکن اسمبلی اور گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کو 25 لاکھ روپئے کی رقم بطور ڈیمانڈ ڈرافٹ ادا کردی ہے۔ اے سرینواس نے سی ایچ رمیش کی ہندوستانی شہریت کو چیلنج کرتے ہوئے تلنگانہ ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔ جرمنی کی شہریت رکھنے والے سی ایچ رمیش نے جھوٹے دستاویزات پیش کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ اے سرینواس کی پٹیشن پر طویل عرصہ تک ہائیکورٹ میں سماعت جاری رہی اور اے سرینواس نے قانونی جدوجہد کو ترک نہیں کیا۔ طویل سماعت اور فریقین کی جانب سے پیش کردہ دلائل اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا تھا کہ سی ایچ رمیش ہندوستان کے نہیں بلکہ جرمنی کے شہری ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے بھی ہائیکورٹ کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سی ایچ رمیش کی شہریت جرمنی کی ہے۔ ہائیکورٹ نے گمراہ کن دستاویزات پیش کرنے پر اپنے فیصلہ کے ساتھ رمیش پر جرمانہ عائد کیا۔ درخواست گذار اے سرینواس کو 25 لاکھ روپئے جبکہ لیگل سرویسس اتھاریٹی کو 5 لاکھ روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے مطابق سابق رکن اسمبلی سی ایچ رمیش نے آج دونوں رقومات کے ڈیمانڈ ٹرافٹ ہائیکورٹ میں جمع کرادیئے۔ سی ایچ رمیش بی آر ایس کے ٹکٹ پر ویملواڑہ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے تھے اور تقریباً 15 برسوں تک موجودہ رکن اسمبلی اے سرینواس نے اُن کے خلاف مختلف عدالتوں میں قانونی جدوجہد کی۔ طویل عرصہ کے بعد ہائیکورٹ کا فیصلہ سرینواس کے حق میں آیا اور ہائیکورٹ نے سابق رکن اسمبلی پر بھاری جرمانہ عائد کیا تھا۔1