ہائی اسپیڈ ٹرین ’’ وندے بھارت ایکسپریس ‘‘ افتتاح کے دوسرے دن ہی خراب

,

   

ہندوستان کی پہلی سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین ’وندے بھارت ایکسپریس‘ میں لانچنگ کے دوسرے ہی دن خامی منظر عام پر آ گئی۔ خرابی کی وجہ سے ٹرین کئی گھنٹے تک منزل سے پہلے ہی رکی رہی اور لوگ یہ سوچ کر حیرانی میں پڑ گئے کہ ابھی ہی ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کی یہ حالت ہے تو آگے کیا ہوگا۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے غمگین ماحول کے درمیان 15 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا، لیکن 16 فروری کی صبح ہی اس میں خرابی پیدا ہو گئی۔ ٹرین جب وارانسی سے دہلی واپس لوٹ رہی تھی تبھی یو پی کے ٹنڈلا اسٹیشن سے 18 کلو میٹر کی دوری پر ہفتہ کی صبح 6.30 بجے ٹرین اچانک رُک گئی۔ پھر یہ ٹرین 8.15 بجے وہاں سے روانہ ہوئی۔

اس تعلق سے وزارت ریل کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ’’وارانسی سے نئی دہلی آ رہی ’وندے بھارت ایکسپریس‘ غالباً کسی جانور کے ریلوے لائن سے گزرنے کے سبب رک گئی۔‘‘ ترجمان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’فی الحال یہ ٹرین ٹرائل رَن پر ہے اور عوام کے لیے اسے 17 فروری سے کھولا جائے گا۔‘‘ کچھ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کے آخری کچھ ڈبوں میں بریک جام ہو گئے تھے اور آخری چار بوگیوں میں بجلی بھی گل ہو گئی تھی۔