ہائی بلڈ پریشر سے بچنے کیلئےنمک کی مقدار پر نظر رکھناضروری

   

نئی دہلی: آج کے دور میں ہائی بلڈ پریشر ایک وبا کی طرح سب کو متاثر کر رہا ہے ۔ اس سے بچنے کیلئے نمک کی مقدار پر نظر رکھنا اور صحت کا خیال رکھتے ہوئے نمک کا استعمال کم کرنا بہت ضروری ہے۔ یہ صلاح لوگوں کو نیوٹریشن ایڈوائزر، ٹاٹا سالٹ لائٹ کویتادیوگن نے دی ہے ۔ انھوں نے مشورہ دیاکہ نمک (سوڈیم کلورائیڈ) خوراک میں ضروری ہے ، یہ اعصاب اور پٹھوں کے مناسب کام کیلئے ضروری ہے لیکن صرف 2400 ملی گرام یا 5 گرام (1 چمچ) یومیہ سوڈیم کی مقدار پر قائم رہنا ضروری ہے ۔ وہ لوگ جو بہت زیادہ ورزش کرتے ہیں یا بہت زیادہ پسینہ بہاتے ہیں انہیں تھوڑا زیادہ نمک کی ضرورت پڑسکتی ہے لیکن زیادہ نمک کھانے سے صحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ کویتادیوگن نے مزیدکہاکہ نمک اور ہائی بلڈ پریشر کے درمیان براہ راست تعلق ہے ۔ سوڈیم سے بھرپور غذا ہائی بلڈ پریشر کو سنگین بنا سکتی ہے ، اور ہائی بلڈ پریشر دل کی بیماری کا ایک بڑا خطرہ ہے ۔ اسی لیے روزمرہ کے کھانے میں نمک کی مقدار کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔