تربیت یافتہ عملہ کی تعیناتی پر زور، انسداد حادثات پر توجہ، سائبرآباد پولیس کا اقدام
حیدرآباد 9 اگسٹ (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ہائی وے سے منسلک تمام فنکشن ہالس کو پابند کردیا ہے کہ وہ اپنے احاطہ میں پارکنگ سہولیات میں اضافہ کریں اور تربیت یافتہ عملہ کو رکھتے ہوئے ٹریفک جام کو روکیں۔ سائبرآباد پولیس اور سائبرآباد ٹریفک پولیس نے قومی شاہراہ پر پیش آئے خوفناک سڑک حادثات اور اس کی وجوہات کا جائزہ لیا۔ ساتھ ہی پولیس نے ٹریفک مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور غیر مجاز پارکنگ کو ٹریفک جام اور حادثات کی ایک اہم وجہ قرار دیا۔ سائبرآباد پولیس نے حالیہ دنوں قومی شاہراہ نمبر 44 پر پیش آئے واقعات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وجئے کمار کی قیادت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شمس آباد اور راجندر نگر حدود کے پولیس آفیسرس بھی شریک تھے۔ پولیس نے اس جائزہ اجلاس میں فنکشن ہال کے ذمہ داروں اور مالکین کو بھی طلب کیا۔ تقریباً 23 فنکشن ہالس کے مالکین اور ذمہ دار اس اجلاس میں شریک تھے۔ ایرپورٹ اور بنگلورو ہائی وے ہونے کے سبب اس شاہراہ پر بہت زیادہ سرگرمیاں رہتی ہیں اور اس جانب ہائی اور مین روڈ سے متصل بہت زیادہ فنکشن ہال بھی پائے جاتے ہیں۔ آئے دن فنکشن ہال میں دعوت و تقاریب سے اس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد زیادہ رہتی ہے اور اس کے سبب گاڑیاں سڑک پر اور لب سڑک پارک کی جارہی ہیں جو ٹریفک جام ٹریفک کے آسان بہاؤ کے لئے رکاوٹ بن رہا ہے۔ سائبرآباد پولیس نے ان فنکشن ہال کے ذمہ داروں اور مالکین کو پابند کیاکہ وہ تربیت یافتہ عملہ کو مقرر کریں اور اپنے فنکشن ہال کے احاطہ میں ٹریفک سے متعلق آلات رکھیں۔ بیاریکٹس، کونسی، ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمرے اور ان سب کے استعمال کے متعلق عملہ کو تربیت دیں۔ اس کے علاوہ فنکشن ہال میں افراد اور گاڑیوں کی تعداد سے زائد کو آنے کی اجازت نہ دیں اور نہ ہی سڑک کے کنارے لب سڑک رکھنے کی اجازت دی جائے۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
