ہائی ٹیک سٹی تا شمس آباد کے درمیان میٹرو ٹرین کو ہری جھنڈی

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کابینہ میں منظوری، کارگذار صدر ٹی آر ایس کے ٹی راماراؤ کا انکشاف

حیدرآباد۔15اگسٹ(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کے کاموں کے لئے ریاستی کابینہ کی منظوری حاصل ہوچکی ہے اور بہت جلد ہائی ٹیک سٹی اور شمس آباد کے درمیان میٹروریل خدمات کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کو شروع کردیا جائے گا۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹرسمیتی و رکن اسمبلی سرسلہ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اس بات کا انکشاف کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس منصوبہ کو منظوری دیئے جانے کا مقصد اس علاقہ کے ٹریفک کے مسائل کو حل کرتے ہوئے عوام کو بہترین معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے شہری علاقوں کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں ٹریفک مسائل کو حل کرنا بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ہائی ٹیک سٹی سے شمس آبادکے درمیان 30کیلو میٹر مسافت کی میٹرو ریل کے لئے تعمیری کا موں کا جلد آغاز کیا جائے گا اور اس کیلئے کوئی مسائل نہیں ہیں کیونکہ میٹرو کا بیشتر حصہ آؤٹر رنگ روڈ سے ہوتے ہوئے گذرنے والا ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ حیدرآباد میں ایس آر ڈی پی کے ذریعہ شہر کے ٹریفک مسائل کو ختم کرنے کی جو حکمت عملی تیار کی گئی ہے وہ شہریوں کے لئے کافی فائدہ مند ثابت ہوگی۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی کابینہ کی منظوری کے ساتھ حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کی شروعات کردی جائے گی اور اس سلسلہ میں حکومت اور حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے مختلف کمپنیوں سے مذاکرات جاری ہیں تاکہ دوسرے مرحلہ کے کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کا منصوبہ جو تیار کیا گیا تھا اس میں پرانے شہر کو بھی شامل رکھا گیا تھا اور فلک نماتا سکندرآباد میٹرو ریل سہولت کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اس کے علاوہ جو راہداریاں منصوبہ میں شامل تھیں ان راہداریوں پر میٹرو خدمات کا آغاز کیا جاچکا ہے لیکن پرانے شہر میں میٹرو خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں اب تک ترقیاتی و تعمیری کاموں کی شروعات بھی نہیں ہوپائی ہے۔پرانے شہر کا منصوبہ جوں کا توں باقی ہے لیکن حکومت کی جانب سے اب ہائی ٹیک سٹی سے شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک 30 کیلو میٹر پر محیط میٹرو ریل خدمات کے آغاز کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا جا رہا ہے اور کہا جار ہاہے کہ بہت جلد ان تعمیری کاموں کی شروعات کو عملی شکل دی جائے گی جبکہ پرانے شہر کے عوام اب بھی میٹرو ریل کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کے آغاز کے منتظر ہیں کیونکہ سال 2018 کے اواخر میں اسمبلی انتخابات سے قبل مقامی منتخبہ نمائندوں کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا تھا اندرون چند یوم پرانے شہر میں میٹرو ریل کے لئے جائیدادوں کے حصول اور انہدامی کاروائیوں کا آغاز کیا جائے گا لیکن اب تک بھی اس سلسلہ میں جائیدادوں پر نمبر اندازی کے علاوہ کو ئی پیشرفت نہیں ہوپائی ہے۔