نیم حکیم ، خطرہ جان
ہائی ڈوز گولی تجویز کرنے پر مریض کے گردے ناکارہ
نظام آباد میں سوئٹی کلینک مہربند،محکمہ صحت کے عہدیداروں کی کارروائی
نظام آباد :9؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پی ایم پی کلینک سے رجوع ہونے والے مریض کو ہائی ڈوس گولی تجویز کرنے سے مریض کے گردے ناکارہ ہوجانے کی شکایت پر محکمہ صحت عامہ کے عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے سوئٹی کلینک کو سل کردیا ۔ کلینک میں موجود ادویات ، انجکشن اور ریکارڈ کو ضبط کرلیا گیا ۔محکمہ صحت عامہ پروگرام آفیسر راجیش ، عہدیدار گنگادھر اور رویندر نے بتایا کہ پی ایم پی ڈاکٹر مریضوں کو تیزی سے روبہ صحت کرنے کے نام پر ہائی ڈوس گولیا ں تجویز کرنے کی وجہ سے مریضوں کے گردے ناکارہ ہونے یا دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ ایم بی بی ایس اور ایم ڈی ڈاکٹر کی فیس چند سو روپئے زیادہ ہونے کے باعث روپئے بچانے کی چکر میں زیادہ تر مریض اپنی صحت اور زندگی کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں ۔ ایم بی بی ایس اور ایم ڈی ڈاکٹرس تربیت یافتہ اور ماہر تجربہ کار ہوتے ہیں طبیعت ناساز ہونے کی صورت میں ان سے رجوع ہونے پر چند سو روپئے زیادہ فیس لی جاتی ہے لیکن مریض مکمل طور پر صحت یاب ہونے کی ضمانت کی جاتی ہے ۔ نا اہل پی ایم پی سی رجوع ہونے کی صورت میں تجویز کردہ گولیاں استعمال کرنے پر گردے ناکارہ ہونے یا دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ لاحق ہورہا ہے ۔ گردے اور دل کے امراض کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی یہ سب سے بڑی وجہ بنتی جارہی ہے اس کے علاوہ طبیعت ناساز ہونے پر میڈیکل سے راست گولیاں حاصل کرتے ہوئے استعمال کرنا بھی دل کا دورہ پڑنے یا گردے ناکارہ ہونے کا باعث بن سکتا ہے ۔