ورکنگ پریسیڈنٹ بنانے پر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کروں گا
حیدرآباد ۔ 12۔جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان کو چاہئے کہ وہ داخلی کوورٹ قائدین سے چوکس رہیں جو پارٹی میں رہ کر نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے بارے میں وہ کچھ کہنا نہیں چاہتے ۔ تاہم پارٹی میں رہ کر نقصان پہنچانے والے کوورٹ پر ہائی کمان کو نظر رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی سے منتخب ہوکر دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا غیر اخلاقی ہے۔ اگر دوسری پارٹی میں شامل ہونا ہے تو اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ بنیادی سطح پر کانگریس پارٹی مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 جولائی سے وہ سنگا ریڈی اسمبلی حلقہ کی ترقی پر مکمل توجہ مرکوز کریں گے اور حلقہ کے عوام کیلئے مکمل وقت دیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ہائی کمان انہیں ورکنگ پریسیڈنٹ مقرر کرتا ہے تو وہ پارٹی کے استحکام کیلئے توجہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان کی جانب سے دی گئی کسی بھی ذمہ داری کو وہ قبول کرنے تیار ہیں۔ جگا ریڈی کا شمار اتم کمار ریڈی کے حامیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ اتم کمار ریڈی کے موقف کی تائید کی۔ ارکان اسمبلی کے انحراف کے مسئلہ پر بعض قائدین نے جب ریاستی قیادت کو نشانہ بنایا تو جگا ریڈی نے اتم کمار ریڈی کی کھل کر تائید کی ۔ ان کا کہنا ہے کہ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کیلئے کئی قربانیاں دی ہیں۔
