حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر ادنکی دیاکر نے ایم ایل سی چناؤ کیلئے کانگریس ہائی کمان کے فیصلہ کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہائی کمان کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کے بعد دیاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کے اعلان کے بعد پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں میں یہ احساس پیدا ہوا ہے کہ ان کے ساتھ سازش کے ذریعہ ناانصافی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انہیں مزید کسی اہم عہدہ پر فائز کرنا چاہتی ہے اور کونسل کی رکنیت نہ ملنے سے وہ مایوس نہیں ہیں۔ ہائی کمان اور ریاستی قیادت دونوں میرے بارے میں سنجیدہ ہیں اور تلنگانہ کی انچارج دیپا داس منشی نے یقین دلایا کہ پارٹی مناسب عہدہ پر فائز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے انہیں اہم عہدہ پر فائز کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے لہذا کارکنوں کو مطمئن رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔1