راہول گاندھی سے آج ملاقات، کابینہ میں توسیع پر فیصلہ متوقع
حیدرآباد /14 فروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر ریونت ریڈی ہائی کمان سے طلبی پر آج رات نئی دہلی روانہ ہوگئے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے ریاستی کابینہ میں توسیع کے مسئلہ پر قطعی مشاورت کیلئے چیف منسٹر کو دہلی طلب کیا ہے ۔ شیڈول کے مطابق ریونت ریڈی 15 فروری کی صبح پارٹی قائد راہول گاندھی اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کریں گے ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے کابینہ میں توسیع کے مسئلہ پر گذشتہ ہفتہ تلنگانہ قائدین کے ساتھ مشاورت کا عمل کرلیا اور توسیع کو راہول گاندھی کی منظوری کا انتظار ہے ۔ گذشتہ ہفتہ کے سی وینوگوپال نے چیف منسٹر ریونت ریڈی ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اور انچارج تلنگانہ دیپا داس سے علحدہ ملاقات کرکے کابینہ میں امکانی شمولیت پر مختلف ناموں کا جائزہ لیا تھا ۔ چیف منسٹر اور دیگر قائدین نے کابینہ میں شمولیت کیلئے اپنے طور پر ناموں کی فہرست پیش کردی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی وینوگوپال نے مشاورت پر مبنی رپورٹ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کو پیش کردی ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی درائع کے مطابق ہفتہ کو راہول گاندھی کابینہ میں شمولیت کیلئے ناموں کی منظوری دیں گے ۔ ریاستی کابینہ میں چیف منسٹر کے بشمول 2 وزراء ہیں اور 6 کی شمولیت کی گنجائش ہے ۔ بی سی طبقات کے حالیہ سرویس کے بعد کابینہ میں بی سی نمائندے کو ڈپٹی چیف منسٹر کے طور پر شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کو فائدہ ہو ۔ ذرائع کے مطابق بی سی کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی ، ریڈی اور اقلیت سے ایک ایک نمائندے کی شمولیت پر فیصلہ ہوسکتا ہے ۔ 1