حیدرآباد: رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کے ناراض قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ہائی کمان کے فیصلہ کو قبول کرکے پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے نئے صدر پردیش کانگریس اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو ہائی کمان کے فیصلہ کو تسلیم کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انہیں 6 سال تک پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے غیر معمولی موقع فراہم کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے مجھے وزارت ، ورکنگ پریسیڈنٹ اور پی سی سی کی صدارت جیسی ذمہ داریاں دی ہیں۔ ہر کانگریسی کارکن کو پارٹی استحکام کیلئے متحرک ہوجانا چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی کے بعض کارکن ایسے ہیں جنہوں نے اپنے اثاثہ جات فروخت کرتے ہوئے پارٹی کی خدمت کی ہے ۔ ایسے کارکنوں کو بہتر مواقع فراہم کئے جائیں۔ سابق صدر نے کہا کہ مجھے کوئی عہدہ ملے یا نہ ملے میں پارٹی کے وفادار کی حیثیت سے کام جاری رکھوں گا ۔ 2023 ء میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کیلئے کام کریں گے ۔