ہائی کورٹ میں مقبرۂ روشن الدولہ اوقافی اراضی مقدمہ کی سماعت

   

حیدرآباد۔ 27ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بالا پور کی مقبرۂ روشن الدولہ کی اوقافی اراضی سے متعلق مقدمہ کی آج سماعت مقرر کی تاہم ہائی کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ سینئر کونسل پرکاش ریڈی کی غیر حاضری کے سبب مقدمہ کو تعطیلات تک ملتوی کردیا گیا۔ جسٹس شمیم اختر کے اجلاس پر آج مقدمہ کی سماعت تھی۔ وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسل نے عدالت کو اطلاع دی کہ مقدمہ کے سلسلہ میں سینئر کونسل پرکاش ریڈی کی خدمات حاصل کی گئی ہے اور وہ چیف جج کے اجلاس پر دوسرے مقدمہ کے سلسلہ میں حاضر ہیں۔ جج نے نصف گھنٹے کا وقت دیا لیکن اس وقت بھی سینئر کونسل اجلاس میں نہیں پہنچ سکے جس پر آئندہ سماعت تعطیلات کے بعد مقرر کی گئی۔ واضح رہے کہ مقبرۂ روشن الدولہ کی اراضی پر غیر مجاز قبضوں کی برخاستگی کے لیے وقف بورڈ نے مساعی کی ہے۔ اراضی پر قابضین نے اپنے حق میں عدالت سے عبوری احکام حاصل کرلیے جس میں وقف بورڈ کو مداخلت سے باز رکھا گیا ہے۔ حکم التوا کی برخاستگی کے لیے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے سینئر کونسل کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اسی دوران اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے سرگرم کارکنوں نے شکایت کی ہے وقف بورڈ کے وکلاء کی عدم دلچسپی کے نتیجہ میں مقدمات کی یکسوئی میں تاخیر ہورہی ہے۔