ہائی کورٹ میں وقف مقدمات کی مؤثر پیروی کی ہدایت

   

اسٹینڈنگ کونسلس کے ساتھ محمد سلیم کا اجلاس، کاؤنٹرس بروقت داخل کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/29 جون، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے ہائی کورٹ میں زیر دوران مقدمات کی مؤثر پیروی کے سلسلہ میں اسٹینڈنگ کونسلس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے آج چیف ایکزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید اور وقف بورڈ کے لاء آفیسرس کے ہمراہ اسٹنڈنگ کونسلس کا اجلاس منعقد کیا جس میں ہائی کورٹ میں زیر دوران مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ میں 500 سے زائد مقدمات زیر دوران ہیں جن میں بعض اہم مقدمات میں ہزاروں کروڑ کی اراضی تنازعہ کا شکار ہے۔ کئی مقامات پر ناجائز قابضین نے اپنی دعویداری پیش کردی ہے اور حکم التواء کے ذریعہ اپنا تسلط چلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گٹلہ بیگم پیٹ، مامڑ پلی، بالا پور اور حفیظ پیٹ کی اراضیات سے متعلق مقدمات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ ان اراضیات کے سلسلہ میں جہاں کہیں بھی حکم التواء حاصل کیا گیا اسے ختم کرانے کیلئے اقدامات کئے گئے۔ اسٹینڈنگ کونسلس کو ہدایت دی گئی کہ وہ مقدمات کے کاؤنٹرس داخل کرنے میں تاخیر نہ کریں کیونکہ تاخیر کی صورت میں غیر مجاز قابضین کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریکارڈ کیلئے وقف عہدیداروں سے ربط قائم کیا جانا چاہیئے۔ کئی ہزار کروڑ کی اوقافی اراضیات کا تحفظ اسٹینڈنگ کونسل کی مؤثر کارکردگی پر منحصر ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ اراضیات کے تحفظ میں سنجیدہ ہے اور جہاں بھی ضرورت ہو سینئر کونسلس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں فرحان اعظم، مرزا صفی اللہ بیگ اور ایم اے مجیب اسٹینڈنگ کونسلس کے علاوہ بورڈ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مقدمات کی پیشرفت سے وقتًا فوقتاً بورڈ کو آگاہ کریں تاکہ قانونی کارروائی میں سہولت ہو۔