ہائی کورٹ میں کھمم کلکٹر کی معذرت خواہی قبول

   

سنگل جج کی سزا سے راحت، توہین عدالت کی کارروائی ختم
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے کلکٹر کھمم کی معذرت خواہی کو قبول کرتے ہوئے انہیں توہین عدالت کی کارروائی سے بری کردیا ہے۔ کھمم کلکٹر آر وی کرنن کو سنگل جج کے خلاف ریمارکس کرنے پر ڈیویژن بنچ نے توہین عدالت پر سزا سنائی تھی ۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ کے روبرو کلکٹر کھمم نے معذرت خواہی پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد میں حکومت کی اسکیمات کے فوائد کی تقسیم کے نتیجہ میں انہیں توہین عدالت کے مقدمہ کا شکار بنایا گیا ۔ کلکٹر نے ترمیم شدہ حلفنامہ داخل کیا اور سنگل جج کے خلاف ریمارکس پر معذرت خواہی کی ۔ عدالت نے معذرت خواہی قبول کرتے ہوئے سنگل جج کی جانب سے 500 روپئے جرمانہ کی سزا سے راحت دی ہے ۔ واضح رہے کہ سنگل جج نے آئی اے ایس عہدیدار کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا تھا۔ ان کے خلاف 500 روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ آئی اے ایس عہدیدار نے اس فیصلہ کو ڈیویژن بنچ پر چیلنج کیا ۔ انہوں نے بنچ کے روبرو پیش ہوتے ہوئے ترمیم شدہ حلفنامہ پیش کیا جس میں پہلے حلفنامہ میں سنگل جج سے متعلق ریمارکس سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ۔ چیف جسٹس نے کلکٹر کھمم کی معذرت خواہی کو قبول کرتے ہوئے جرمانہ کی سزا سے راحت دی ہے۔