ہائی کورٹ وکیل جوڑا کے قتل کے خلاف زبردست احتجاج

   


نظام آباد میں عدالت کے کام کاج کا بائیکاٹ ، سخت کارروائی کرنے وکلاء کا مطالبہ

نظام آباد : ہائی کورٹ ایڈوکیٹ وامن رائو اور ان کی اہلیہ کے بہیمانہ قتل کے خلاف آج نظام آباد بار اسوسی ایشن کے ایڈوکیٹس نے بڑے پیمانے پر کام کاج کو بائیکاٹ کرتے ہوئے کوٹ کے روبرو واقع چوراستہ پر راستہ روکو کیا ۔ بار اسوسی ایشن کے کنونیر ایم گوردھن کی قیادت میں 200 ایڈوکیٹس نے آج عدالت کے کام کاج کا بائیکاٹ کیا ۔دوہرے قتل کی واردات میں ملوث عناصر اور قاتلوں کی جلد گرفتاری عمل میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی وکلاء نے کہا کہ وکلاء برادری سماج میں پھیلے ہوئے جرائم کے خلاف نبرد آزما ہے لیکن مٹھی بھر شرپسند عناصر کی جانب سے وکلاء برادری میں خوف پیدا کرنے کے مقصد سے قتل کی وارداتیں انجام دی جارہی ہے جس کے خلاف حکومت اور محکمہ پولیس کی یہ ذمہ داری ہے کہ سخت کارروائی کرتے ہوئے قاتلوں اور پس پردہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا دوبارہ اعادہ نہ ہوسکے ۔ احتجاج کے دوران سینئر ایڈوکیٹ راجندر ریڈی ، کروپاکر ریڈی نے دوہرے قتل کی واردات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرُ امن سماج کی تعمیر میں ایسے واقعات رخنہ ہوتے ہیں حکومت اور محکمہ پولیس سخت کارروائی کرتے ہوئے مثال قائم کریں تاکہ وکلاء برادری بے خوف انداز میں اپنی قانونی اور سماجی خدمات کو جاری رکھ سکے ۔ وامن رائو اور ان کی اہلیہ کی منتھنی میں کئے گئے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کی اور اس کی سی بی آئی سی تحقیق کا مطالبہ کیا ۔ بار اسوسی ایشن کے سینئر ایڈوکیٹ راجندر ریڈی ، کروپاکر ریڈی ، کرن کمار گوڑ، محمد قاسم ،ذیشان ایڈوکیٹس نے احتجاجی پروگرام میں شامل ہوتے ہوئے ایڈوکیٹس پروٹیکشن ایکٹ کی عمل آوری کا مطالبہ کیا۔