ہائی کورٹ کی عدول حکمی پر آئی اے ایس عہدیدار کی طلبی

   

گڈی ملکاپور مارکٹ معاملہ میں 17 مارچ کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے آئی اے ایس عہدیدار اے شرت کو 17 مارچ کے دن حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی ہے تاکہ گڈی ملکاپور مارکٹ کے بارے میں عدالتی احکامات پر عمل آوری نہ کرنے کی وجوہات بیان کریں۔ کمشنر مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کی حیثیت سے شرت نے عدالتی احکامات پر عمل آوری نہیں کی تھی ۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے آئی اے ایس عہدیدار کی جانب سے داخل کردہ اپیل کی سماعت کی جس میں انہوں نے سنگل جج کی جانب سے 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرنے کے فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے۔ ڈیویژن بنچ نے واضح کردیا کہ وہ سنگل جج کے فیصلہ پر عمل آوری نہ کئے جانے پر ناراض ہے۔ گڈی ملکا پور مارکٹ کے ویجیٹبل کمیشن ایجنٹس ویلفیر اسوسی ایشن نے اپنے مسائل کے سلسلہ میں ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔ سرکاری وکیل سنجیو کمار نے عدالت سے درخواست کی کہ عہدیدار کو توہین عدالت سے بری کیا جائے ۔ ڈیویژن بنچ نے کہا کہ ہم آپ سے کوئی ہمدردی نہیں کریں گے ۔ سنگل جج کے احکامات کے ساتھ جو سلوک کیا گیا ہے ، اسی طرح کے سلوک کیلئے تیار رہیں۔ ڈیویژن بنچ نے عہدیدار کو 17 مارچ کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی۔ سنگل جج نے مارکیٹنگ کمشنر کو ہدایت دی تھی کہ طویل عرصہ سے خدمات انجام دینے والے تاجروں کو فروخت کی بنیاد پر یا طویل لیز کے ذریعہ ملگیات الاٹ کی جائیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو مطمئن کرنے کی کوشش کی کہ عہدیدار نے کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔ تاہم ڈیویژن بنچ نے اپنے موقف کو برقرار رکھا۔