ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ایمبولنس گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت

   

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد تلنگانہ کی سرحد پر پڑوسی ریاستوں سے آنے والی ایمبولنس کی گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت دی جارہی ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے آندھراپردیش ، کرناٹک اور مہاراشٹرا سے آنے والی ایمبولنس گاڑیوں کو تلنگانہ میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد کل رات سے ایمبولنس گاڑیوں کو تلنگانہ میں داخل ہونے کیلئے گرین سگنل مل چکا ہے ۔ ہائی کورٹ نے حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل سے سوال کیا تھا کہ حکومت کو آخر کس نے یہ حق دیا ہے کہ ایمبولنس گاڑیوں کو روکیں۔ انہوں نے تحریری یا زبانی احکامات کے بارے میں سوال کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد پڑوسی ریاستوںکے مریضوں کو حیدرآباد منتقلی کا آغاز ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کے کارپوریٹ دواخانوں میں 30 فیصد سے زائد مریضوں کا تعلق پڑوسی ریاستوں سے ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے آندھراپردیش سے بڑی تعداد میں مریضوں کی منتقلی کا آغازہوا ہے ۔ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باعث دستاویزات کے ساتھ آنے والی گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت دی جارہی ہے۔