حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی حلقہ اسمبلی کتہ گوڑم وی وینکٹیشور راؤنے اسمبلی کی رکنیت کالعدم قرار دینے سے متعلق فیصلہ پر حکم التواء جاری کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں لنچ موشن پٹیشن داخل کی۔ رکن اسمبلی نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کیلئے وقت دیئے جانے کی درخواست کی۔ ہائی کورٹ نے درخواست پر ہنگامی سماعت کرتے ہوئے اپنا فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ رکن اسمبلی وی وینکٹیشورراؤ کی رکنیت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے کل فیصلہ صادر کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کو حلف نامہ میں غلط معلومات کی فراہمی کی شکایت پر عدالت نے اسمبلی کی رکنیت کالعدم کرنے کے علاوہ 5 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا۔ عدالت نے شکست خوردہ امیدوار جلگم وینکٹ راؤ کو رکن اسمبلی منتخب قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ جلگم وینکٹ راؤ 12 ڈسمبر 2018 سے کتہ گوڑم کے رکن اسمبلی قرار پائیں گے۔ وی وینکٹیشور راؤ نے 2018 میں کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ جسٹس جی رادھا رانی نے کل 84 صفحات پر مشتمل فیصلہ صادر کیا۔ اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے جلگم وینکٹ راؤ نے ملاقات کی اور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے احکامات حوالے کئے۔