ہائے رے بیروزگاری !! مفت غذا اور رہائش کیلئے جیل کا انتخاب

   

حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) بے روزگاری سے پریشان نوجوان جو خود کو گرفتار کروانے کی کوشش میں تھا اسے اسی الزام میں گرفتار کرلیا گیا کہ وہ خود کو گرفتار کروانے گمراہ کن فون کرکے دہشت پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ٹاملناڈو کے بے روزگار نوجوان نے مفت غذا اور رہائش کیلئے خود کو گرفتار کرواکے جیل پہنچنے کی منصوبہ بندی کی ۔ منصوبہ کے تحت اس نے موبائیل فون چوری کیا اور اس فون سے ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹیشن میں بم کی جھوٹی اطلاع دی اور ریلوے اسٹیشن پر سوگیا ۔ پولیس کی تلاشی کے دوران شک کی بنیاد پر اس کو حراست میں لیا گیا جس پر انکشاف ہوا کہ یہ نوجوان تعلیمیافتہ ہے اور روزگار نہ ملنے پر مفت کھانے اور رہنے کی جگہ تلاش کررہا ہے ۔ موبائیل چوری کرکے فرضی کال سے خوف و دہشت پھیلانے کی کوشش کی تاکہ اسے جیل بھیج دیا جائے اور کھانے کا مسئلہ حل ہوجائے ۔ملک میں بیروزگاری کی بڑھتی شرح کے سبب نوجوانو ںمیں مایوسی پیدا ہونے لگی ہے اور مایوسی کو دور کرنے فوری اقدامات ناگزیر ہیں ۔اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو ملک کی دیگر ریاستوں سے بھی اس طرح کی اطلاعات مل سکتی ہیں جن میں نوجوان مفت کی غذاء اور رہائش کیلئے جیل کا انتخاب کریں۔